نوشکی: مرکزی بازار بند، علاقہ فوجی محاصرے میں

63
File Photo

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاکستانی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق غریب آباد اور مرکزی بازار کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر دکانیں بند کرا دی گئی ہیں جبکہ علاقے میں نقل و حرکت محدود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے مذکورہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا ہے جس کے بعد سے علاقے کو فوجی محاصرے میں لیا گیا ہے۔ تاہم سرکاری حکام کی جانب سے اس بارے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی نوشکی کے کلی مینگل اور قادر آباد کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئی جبکہ اس سے قبل کلی جمالدینی میں آپریشن کیا گیا۔ بعض مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ اس دوران گھروں میں داخل ہو کر تلاشی لی گئی اور کچھ املاک کو نقصان پہنچا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حالیہ آپریشن کے دوران کم از کم 22 افراد کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ زیرِ حراست افراد کی شناخت کے بارے میں تاحال تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔