سوراب: پولیس کی بکتر بند گاڑی پر دھماکہ، اہلکار ہلاک

209

بلوچستان کے علاقے سوراب میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر پولیس کی بکتر بند گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پولیس ڈرائیور خلیل احمد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد شاہراہ پر نغاڑ کے مقام پر واقع ایک پل میں نصب کیا گیا تھا۔ جیسے ہی پولیس کی بکتر بند گاڑی پل سے گزری، زوردار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے بعد شاہراہ پر ہر قسم کی آمد و رفت معطل ہو گئی اور علاقے میں فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ہلاک اہلکار خلیل احمد کی میت ضابطے کی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال سوراب منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، تاہم حتمی رائے فرانزک رپورٹ کے بعد ہی دی جا سکے گی۔ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔