بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اسلام آباد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ دانیال ناصر ولد عبدالنصیر، ارشد علی اور محمد اقبال کو 16 فروری کو کراچی میں جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق دانیال ناصر نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد سے گورننس اینڈ پبلک پالیسی کے گریجویٹ ہیں اور بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اسلام آباد کے سابق رکن رہ چکے ہیں۔ کونسل کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو کراچی میں این سی سی آئی اسپتال کے قریب سے نامعلوم افراد نے اپنے ساتھ لے گیا۔
کونسل نے کہا ہے کہ بلوچ طلبہ ریاستی پالیسیوں کا ہدف بن رہے ہیں اور انہیں ہراساں کرنے، حراست میں لینے اور لاپتہ کرنے کے واقعات تسلسل کے ساتھ پیش آ رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات بنیادی انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور تعلیمی آزادی کے اصولوں کے منافی ہیں۔
بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اسلام آباد نے مطالبہ کیا ہے کہ دانیال ناصر، ارشد علی اور محمد اقبال کو فوری اور بحفاظت بازیاب کیا جائے اور جبری گمشدگیوں کے واقعات کا خاتمہ کیا جائے۔
















































