اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے بعد ایران نے بھی حملے شروع کر دیے

1

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات میں قائم چار امریکی فوجی ٹھکانوں پر حملے کیے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایران بھر میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے حوالے سے بتایا ہے کہ نشانہ بنائے گئے مقامات میں العدید ایئر بیس (قطر)، السالم ایئر بیس (کویت)، الظفرہ ایئر بیس (متحدہ عرب امارات) اور بحرین میں امریکی بحری بیڑا شامل ہیں۔

ادھر قطر کی وزارت دفاع کے مطابق دوحہ بھر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس خلیجی ریاست کو نشانہ بنانے والے کئی ایرانی میزائل حملوں کو روک لیا گیا۔

مرکزی دوحہ اور خطے میں امریکا کی سب سے بڑی فوجی تنصیب العدید فوجی اڈے کے قریب بھی دھماکے سنائی دیے۔

اے ایف پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ ایک انٹرسیپٹر میزائل نے فضا میں ایک میزائل کو تباہ کر دیا جبکہ قطر کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’متعدد حملوں کو پسپا کر دیا گیا ہے۔

امریکہ اور اسرائیل نے ہفتے کے روز ایرانی دارالحکومت سمیت متعدد شہروں پر حملے شروع کیے، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کھلی جنگ کی صورت اختیار کر گئی۔

ایرانی فورسز نے اسرائیل کی جانب بھی میزائلوں کی ایک بڑی تعداد داغی ہے۔