بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں آج تیسرے روز بھی شہر ویران ہے جبکہ بینکوں سمیت کئی ادارے بند ہیں، جس کے باعث تنخواہ دار طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔ شہر میں فوج کی سخت نگرانی کے باعث شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گوادر سمیت بلوچستان کے بڑے شہروں میں بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے آپریشن “ہیروف” کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا گیا تھا، جو آج تیسرے روز بھی مختلف علاقوں میں جاری ہے۔ اس دوران مختلف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بلوچستان اور پنجاب کو ملانے والی مرکزی شاہراہ سخی سرور کے مقام پر آج تیسرے روز بھی بند ہے، جہاں ہزاروں مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں۔
چمن شہر میں بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث تمام نجی اور سرکاری بینک بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہر میں فوج کی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی شہروں میں انٹرنیٹ اور ریلوے سروس بھی معطل ہے۔

















































