کیچ: حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ کے گھر پر حملہ، چھ افراد ہلاک

177

بلوچستان کے ضلع کچ کے علاقے بلیدہ میں مسلح افراد کے حملے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب نامعلوم مسلح افراد نے ایک رہائشی مکان پر پہلے مارٹر گولہ فائر کیا اور بعد ازاں اندھا دھند فائرنگ کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک افراد میں مسلم ولد چارشمبے، ملا یوسف ولد محمد شریف، فضیلہ زوجہ عبدالغفار، گل ناز بنت عبدالغفار، چنگیز ولد عبدالغفار اور زہرہ بنت عبدالغفار شامل ہیں۔

زخمیوں میں عبدالغفار ولد محمد، سارہ بنت عبدالغفار اور عائشہ بنت عبدالغفار شامل ہیں۔

مقامی ذرائع نے گھر کے مالک کی شناخت علاقے میں سرگرم حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ جسے بلوچستان میں حرف عام میں “ڈیتھ اسکواڈ” کہتے ہیں سے کی ہے۔

تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔