بلوچستان: چوتھے روز بھی مواصلاتی نظام بند، غیر یقینی صورتحال برقرار

22

بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے 31 جنوری کو شروع کیے گئے آپریشن ہیروف 2 کے تناظر میں بلوچستان میں آج چوتھے روز بھی مواصلاتی نظام مکمل طور پر بند ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بدستور معطل ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ بندش سے کاروباری افراد اور طلبہ بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ چمن اور دیگر علاقوں کے لیے ٹرین سروس بھی تاحال معطل ہے۔

کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس آج چوتھے روز بھی روانہ نہ ہو سکی۔ ریلوے حکام کے مطابق چمن کے لیے پیسنجر ٹرین بھی آج روانہ نہیں ہوئی، جبکہ ٹرین سروس سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر معطل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچ لبریشن آرمی نے ہفتے کی شب بلوچستان بھر میں مربوط حملوں کا آغاز کیا تھا۔ آپریشن ہیروف کے تحت کوئٹہ، نوشکی سمیت 12 شہروں میں بیک وقت حملے کیے گئے، جبکہ نوشکی میں بدستور بی ایل اے اور پاکستانی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

دوسری جانب سرکاری حکام کی جانب سے کوئٹہ، گوادر اور دیگر علاقوں کو کلیئر قرار دیے جانے کے باوجود اہم شاہراہیں تاحال بند ہیں، جس کے باعث غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔