بلوچستان میں چھاپوں کے دوران پاکستانی فورسز پر زیورات و دیگر سامان چوری کے الزامات

141
فوٹو: اے آئی

بلوچستان میں حالیہ دنوں میں پاکستانی فورسز کے مختلف شہروں میں چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ متعدد علاقوں سے ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گھروں پر چھاپوں کے دوران اہلکاروں کی جانب سے قیمتی اشیاء اور نقد رقم لے جائی گئی۔

ضلع نوشکی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک رہائشی گھر پر چھاپے کے دوران نئی شادی شدہ جوڑے کے سونے کے زیورات اور تقریباً ڈھائی لاکھ روپے نقد رقم لے لی گئی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ چھاپہ سکیورٹی کارروائی کے نام پر مارا گیا، تاہم بعد ازاں گھر میں موجود قیمتی سامان غائب پایا گیا۔

اسی طرح ساحلی شہر گوادر میں ایک اور واقعے کی اطلاع ملی ہے جہاں مقامی ذرائع کے مطابق ایک گھر پر چھاپے کے دوران ایک قیمتی گھڑی اور تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار روپے نقد رقم لے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

کوئٹہ کے سریاب روڈ کے علاقے سے بھی متعدد شکایات سامنے آئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مختلف گھروں پر چھاپوں کے دوران قیمتی سامان غائب ہوئیں۔

خیال رہے کہ 31 جنوری کو بی ایل اے کی جانب سے بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں کے عارضی کنٹرول کے بعد فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں اس کے ردعمل میں عام لوگوں کے گھروں کو مسمار اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔