بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال کشیدہ، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی نظام شدید متاثر

1

بلوچستان میں صورتحال کے باعث لاہور اور اسلام آباد سے کوئٹہ آنے والی تمام مسافر بسوں کو رکنی کے مقام پر روک دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کی بڑی تعداد مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بس سروس کی معطلی کے باعث سینکڑوں مسافر مختلف شہروں میں پھنس گئے ہیں، جبکہ کوئٹہ جانے اور آنے والی دیگر بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

انٹرنیٹ کی بندش کے ساتھ بلوچستان میں فضائی اور ریل سروس بھی جزوی یا مکمل طور پر متاثر ہے، جس سے مواصلاتی اور تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔

تعلیمی سرگرمیاں بھی اس صورتحال سے متاثر ہوئی ہیں۔

کیڈٹ کالج مستونگ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ یکم فروری 2026 بروز اتوار کو ہونے والا داخلہ ٹیسٹ ناگزیر وجوہات کی بنا پر مؤخر کر دیا گیا ہے۔ کالج انتظامیہ کے مطابق اب یہ انٹری ٹیسٹ 5 فروری 2026 بروز جمعرات منعقد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے گزشتہ روز تنظیم نے بلوچستان بھر میں اپنے “آپریشن ہیروف فیز ٹو“ کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں اور جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔