بلوچستان سیکورٹی صورتحال، مرکزی شاہراہوں اور حساس تنصیبات کی نگرانی کے لیے جدید کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ

78

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان میں سیف سٹی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بلوچستان کے اہم شہروں اور مرکزی شاہراہوں میں جدید کیمروں، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام کی تنصیب پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں درکار مالی و تکنیکی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے اور تمام انتظامی و تکنیکی رکاوٹیں دور کر کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے گا۔

سیف سٹی منصوبے کے تحت روڈ نیٹ ورک، حساس تنصیبات اور عوامی مقامات کی ہمہ وقت نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے رواں سال 31 جنوری کو بلوچ لبریشن آرمی کے بلوچستان کے بارہ شہروں میں بیک وقت حملوں کے بعد، کوئٹہ ریڈ زون کی دیوار بندی اور کئی مقامات پر اضافی سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔