یو بی اے کی آپریشن ھیرروف کی تائید، جنگ میں شامل ہونے کا اعلان

268

آزادی پسند مسلح تنظیم یونائٹیڈ بلوچ آرمی کے ترجمان مزار بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یونائیٹڈ بلوچ آرمی بلوچ لبریشن آرمی کے آپریشن ہیروف 2.0 کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بساط، وسائل اور استطاعت کے مطابق ہر اُس قومی جدوجہد اور اجتماعی کاوش میں بھرپور اخلاقی، فکری اور عملی تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، جس کا مقصد بلوچ قوم کے وقار، آزادی اور مشترکہ مفاد کا تحفظ ہو اور ساتھ ہی آپریشن ہیروف 2.0 میں حصہ لینے والے تمام آزادی پسند بہادر بلوچ نوجوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا ان کی بے مثال ہمت، استقلال اور قومی غیرت کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم ان کے مقصد کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی، حمایت اور ہر ممکن تعاون کا اعلان کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم بلوچستان میں موجود تمام قومی آزادی پسند سوچ رکھنے والی تنظیموں، حلقوں اور کارکنوں کو نہایت سنجیدگی کے ساتھ مخاطب کرتے ہیں کہ وہ موجودہ حالات میں باہمی اتحاد، مشترکہ حکمتِ عملی اور اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اور اُن بلوچ نوجوانوں کے ساتھ اخلاقی، فکری اور سماجی سطح پر کھڑے ہوں جو خلوصِ نیت کے ساتھ بلوچ قومی آزادی، قومی وقار اور سرزمین کی حاکمیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ ہماری سوچ اور فکر میں یہ جدوجہد کسی ایک گروہ، تنظیم یا طبقے کی نہیں بلکہ پوری بلوچ قوم کے مشترکہ مفاد اور اجتماعی بقا کی تحریک ہے۔

اسی لیے ہم ہر اُس تنظیم، ہر اُس فکر اور ہر اُس اقدام کی اصولی حمایت کرتے ہیں جو خلوص، دیانت اور قومی غیرت کے جذبے سے بلوچ قومی آزادی اور اجتماعی مفاد کے لیے اٹھایا جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم اپنے بلوچ عوام سے نہایت پُرزور اور مخلصانہ اپیل کرتے ہیں کہ جہاں کہیں بھی بلوچ نوجوانوں اور قومی کارکنوں کی موجودگی کی اطلاع ہو، وہاں باہمی تعاون، ہمدردی، سماجی یکجہتی اور اخلاقی حمایت کے جذبے کو فروغ دیں، ایک دوسرے کے لیے ڈھال بنیں، اور قومی شعور کو عام کریں، تاکہ یہ جدوجہد ایک منظم، متحد اور ناقابلِ شکست اجتماعی تحریک کی صورت اختیار کر سکے۔