گوادر: سال 2026 عظیم بلوچ شاعر و محقق سید ظہور شاہ ہاشمی کے نام منسوب

48

عظیم بلوچ شاعر، ادیب، محقق اور دانشور سید ظہور شاہ ہاشمی کی پیدائش کے سو سال مکمل ہونے کے موقع پر سال 2026 کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اس سلسلے میں آر سی ڈی سی ہال گوادر میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہال شرکاء سے بھرا ہوا تھا، جو اس عظیم ادبی شخصیت سے عوام کی محبت اور عقیدت کا مظہر تھا۔

یہ تقریب آر سی ڈی سی، سید ہاشمی اکیڈمی، گوادر جیوز، گوادر یونیورسٹی، خیر جان اکیڈمی، بارنا لبزانکی گل اور گوادر میوزیکل بلوچی پروموٹر سوسائٹی کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوئی، جبکہ گوادر بلدیہ نے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض ناصر رحیم سہرابی نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور صوبائی اسمبلی کے رکن ہدایت الرحمان تھے۔ اسٹیج پر بلدیہ کے چیئرمین ماجد جوہر، گوادر آر سی ڈی سی کے صدر عبدالغنی نوازش، سید ہاشمی اکیڈمی کے نمائندے ماجد سہرابی، کوئٹہ سے کلچر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے داؤد ترین اور سید ہاشمی اکیڈمی کے صدر علی عیسیٰ بھی موجود تھے، جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں سید ظہور شاہ ہاشمی کی بلوچی زبان و ادب کے لیے گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید ہاشمی نے محض 52 برس کی مختصر عمر میں، شدید بیماریوں کے باوجود، درجنوں کتابیں اور بے شمار شعری مجموعے تخلیق کیے اور بلوچی ادب کو ایک مضبوط فکری بنیاد فراہم کی۔ ان کے قریبی رفیق اللہ بخش جوہر بھی ان کی علمی جدوجہد میں ہم قدم رہے۔ مقررین نے بتایا کہ سید ہاشمی نے ابتدا میں اردو شاعری سے آغاز کیا، تاہم بعد ازاں بلوچی زبان کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔

اس موقع پر چیئرمین بلدیہ ماجد جوہر نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ گوادر میں تمام سرکاری بورڈز اور سائن بورڈز بلوچی زبان میں تحریر کیے جائیں گے، جو مقامی زبان کے فروغ کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔

سید ہاشمی اکیڈمی کی جانب سے سابق ایم پی اے میر عبدالغفور کلمتی، ماجد سہرابی اور سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے سید ہاشمی کی بقایا کتب کی اشاعت میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔

تقریب میں گوادر، مکران اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کر کے اس امر کو ثابت کیا کہ جو قومیں اپنے اسلاف کو یاد رکھتی ہیں، وہ ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر گوادر کے مقامی شعرا نے اپنا کلام پیش کیا اور اپنے عظیم شاعر سید ہاشمی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر گوادر آر سی ڈی سی کے صحن میں بلوچی کتب کا بڑا اسٹال بھی قائم کیا گیا