بلوچستان کے ضلع کیچ میں اغوا برائے تاوان اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
صورتحال کے خلاف آل پارٹیز کیچ، انجمن تاجران، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے 5 جنوری کو احتجاجی ریلی اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔
احتجاج کے سلسلے میں آل پارٹیز کیچ، انجمن تاجران اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں نے تربت شہر میں پمفلٹنگ کی اور مختلف بازاروں، گلیوں اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا۔
رہنماؤں نے دکانداروں اور شہریوں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے انہیں موجودہ امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا اور 5 جنوری کو ہونے والی احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کیچ میں اغوا برائے تاوان، بدامنی اور جرائم کے مسلسل واقعات نے عوام کو شدید عدم تحفظ کا شکار کردیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی ریلی کا مقصد پرامن اور منظم انداز میں عوامی آواز حکام تک پہنچانا ہے۔
واضح رہے کہ آل پارٹیز کیچ، انجمن تاجران اور دیگر تنظیموں کی جانب سے مشترکہ احتجاجی ریلی پیر کے روز 5 جنوری کو ساڑھے بارہ بجے نکالی جائے گی، جس کے ساتھ شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
اس موقع پر تربت سول سوسائٹی نے 5 جنوری کی احتجاجی ریلی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کو ایک بار پھر اغوا برائے تاوان، قتل و غارت اور بدامنی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔
سول سوسائٹی کے ترجمان نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور عوام کو بندوق برداروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
ادھر حق دو تحریک بلوچستان کیچ نے بھی احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان، ماورائے عدالت اغواء نما گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کی شدید مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہیں اور حق دو تحریک 5 جنوری کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔
بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کیچ نے بھی عوامی احتجاج کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کیچ اور بلوچستان میں بدامنی کی بنیادی وجوہات جبری گمشدگیاں، اغوا برائے تاوان، قتل و غارت، چوری اور ڈکیتی ہیں۔
پارٹی ترجمان نے کہا کہ جبر اور خوف کی پالیسیوں سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں اور ریاست کو عوام دوست اور سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
سیاسی و سماجی تنظیموں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بدامنی، اغوا برائے تاوان اور عدم تحفظ کے خلاف متحد ہو کر 5 جنوری کی احتجاجی ریلی اور شٹر ڈاؤن ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں۔



















































