کوئٹہ: گیس لیکج نے پورے خاندان کی جان لے لی: والدین دو بچوں سمیت جانبحق

0

کوئٹہ میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے ایک مرد، خاتون اور دو بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے نواں کلی لیبر کالونی میں گھر کے اندر گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے چار افراد جانبحق ہوگئے۔

لاشوں کو مزید کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال انتظامیہ کے مطابق جانبحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کے دو بچے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ، بے وقت گیس کی بندش اور اچانک بحالی کے باعث کوئٹہ میں اس نوعیت کے واقعات بارہا پیش آتے رہے ہیں۔

کوئٹہ میں گیس لیکج اور دیگر ایسے حادثات نے متعدد شہریوں کی جانیں لی ہیں، جس کے باعث سردیوں میں شہری گیس کے استعمال سے خوفزدہ رہتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑی ہوئی ہیں۔