کراچی کی عدالت: بی وائی سی کے ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب سمیت 12 کارکنان باعزت بری

137

کراچی کی ایک عدالت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب بلوچ سمیت 12 کارکنان کو باعزت بری کر دیا۔

پیر کے روز سٹی کورٹ کے سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم اختر نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب بلوچ سمیت 12 کارکنان کی باعزت بریت کا حکم جاری کیا۔

باعزت بری ہونے والے کارکنان میں سرفراز بلوچ، زین بلوچ، آفتاب بلوچ، قاضی امان اللہ، مراد بلوچ، وحید بلوچ، احمد نثار، احسان حمید، ساجد بلوچ، عامر بلوچ اور احسن فراز بلوچ شامل ہیں۔ عدالت نے یہ فیصلہ کلاکوٹ تھانے میں درج مقدمہ نمبر 26/2026، زیر دفعات 124A، 123A، 341، 290، 148 اور 149 (مورخہ 18 جنوری 2025) میں عائد الزامات ثابت نہ ہونے پر سنایا۔

مقدمے کی پیروی سینئر ایڈووکیٹ عمران کلمتی بلوچ، ایڈووکیٹ ذاکر بلوچ، ایڈووکیٹ سعید بلوچ اور ایڈووکیٹ وسیم بلوچ نے کی۔

واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے 25 جنوری 2025 کو “بلوچ جینوسائیڈ ڈے” قرار دیتے ہوئے دالبندین میں راجی مچی کی کال دی تھی، جس کے تحت بلوچستان سمیت کراچی میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں لیاری اور شرافی گوٹھ، ملیر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے ریلیاں منعقد کی گئیں، جن پر سندھ اور بلوچستان حکومتوں نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بی وائی سی کے رہنماؤں، خواتین اور کارکنان پر تشدد کیا اور انہیں مختلف جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا۔

ایک سال تک جاری طویل عدالتی کارروائی اور پیشیوں کے بعد عدالت نے پروسیکیوشن کی جانب سے الزامات ثابت نہ ہونے پر تمام ملزمان کو باعزت بری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

اس موقع پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب بلوچ نے مقدمے کی بلامعاوضہ پیروی کرنے پر کراچی بار اور تمام بلوچ ایڈووکیٹس کا شکریہ ادا کیا