کابل میں چینی ریستوران کے باہر دھماکہ، ایک چینی شہری سمیت سات افراد ہلاک

33

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک چینی ریستوران کے باہر دھماکے میں ایک چینی شہری سمیت سات افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہو گئے ہیں۔

کابل پولیس کے ترجمان خالد زردان کے مطابق، دارالحکومت کے علاقے شہرِ نو میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک چینی شہری جبکہ چھ افغان شہری شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق دن تین بجے ہوا۔

کابل کے ایمرجنسی ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد 20 زخمی ہسپتال لائے گئے تھے جن میں چار خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

پولیس ترجمان خالد زردان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا چینی شہری مسلمان تھا جو اپنی بیوی اور افغان پارٹنر کے ساتھ چائنیز نوڈل کا ریستوران چلا رہا تھا۔

ان کے مطابق، دھماکہ ریستوران کے باورچی خانے کے نزدیک ہوا جس کی نوعیت کے متعلق ابھی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب شدت پسند تنظیم نام نہاد دولتِ اسلامیہ (داعش) نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ داعش نے مبینہ حملہ آور کی تصویر بھی جاری کی ہے۔