بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور کیچ میں پاکستانی فورسز کی جانب سے دو افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کیے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والوں کی شناخت الیاس ولد حاجی غلام حسین، سکنہ پنجگور کے علاقے وشبود، اور عمر ولد لیاقت گہرام، سکنہ مند، ضلع کیچ کے نام سے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین اور اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ الیاس کو پنجگور کے علاقے چیدگی سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا۔ لواحقین کے مطابق حراست کے بعد الیاس کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا، تاہم کئی دن گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے مند، کوہ پشت میں رات گئے ایک چھاپے کے دوران عمر ولد لیاقت گہرام کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے گھر کی تلاشی کے بعد عمر کو اپنے ساتھ لے جایا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔
بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق بلوچستان میں ہزاروں افراد پاکستانی فورسز کے تحویل میں ہیں۔

















































