دشت: تعمیراتی کمپنی پر حملہ، مشینری نذرِ آتش

24

دشت میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کو حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے دشت میں شکرو اور تولگی کے درمیان سڑک پر نامعلوم مسلح افراد نے سڑک کی تعمیر میں مصروف مشینری پر حملہ کیا۔

حکام کے مطابق واقعہ آج دوپہر تقریباً 12 بجے پیش آیا، جب موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے شکرو کے مقام پر روڈ رولر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے باعث گاڑی ناکارہ ہو گئی، جس کے بعد حملہ آوروں نے روڈ رولر مشینری کو آگ لگا دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی، تاہم بلوچستان میں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں ماضی میں تعمیراتی کمپنیوں کو حملوں کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔

ان تنظیموں کا مؤقف ہے کہ ایسی کمپنیاں استحصالی منصوبوں کا حصہ ہیں۔