حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا پہلا مرحلہ مکمل، لبنانی فوج

75

لبنانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی سرحد اور دریائے لیطانی کے درمیانی علاقے میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔

لبنانی فوج نے جمعرات آٹھ جنوری کے روز بتایا کہ اس نے اسرائیلی سرحد اور دریائے لیطانی کے درمیانی علاقے میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے منصوبے کاپہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اگرچہ اب اس جنوبی علاقے کا بیشتر حصہ فوج کے کنٹرول میں ہے، تاہم اسرائیل نے تاحال پانچ تزویراتی سرحدی پوائنٹس پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے، جس کا جواز وہ حزب اللہ کی دوبارہ مسلح ہونے کی کوششوں کو قرار دیتا ہے۔

ایک سال قبل طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت حزب اللہ کو اپنی فورسز دریائے لیطانی کے شمال میں منتقل کرنا ہیں اور اپنا فوجی ڈھانچہ ختم کرنا ہے۔ لبنانی فوج نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ سرنگوں کی تباہی اور مسلح گروہوں کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔

لبنان کے آرمی کمانڈر روڈولف ہیکل آج حکومت کو اس پیش رفت پر بریفنگ دے رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سعار نے ان کوششوں کو سراہا تو ہے لیکن انہیں ’’ناقابل اطمینان‘‘ قرار دیا ہے۔ امریکہ، فرانس اور اقوام متحدہ پر مشتمل ایک کمیٹی اس جنگ بندی کی نگرانی کر رہی ہے۔