جھاؤ اور جیونی حملوں میں دشمن کے 9 اہلکار ہلاک، 6 زخمی، سرکاری اسلحہ ضبط کرلئے۔ بی ایل ایف

198

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو بھیجے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سرمچاروں نے 3 جنوری کو جھاؤ کے علاقے کوٹو، کوٹوری کے مقام پر گھات لگا کر کئے گئے حملے میں قابض فوج کے قافلے میں شامل دو گاڑیوں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں قابض فوج کے 7 اہلکار ہلاک اور 6 شدید زخمی ہوئے، جبکہ دونوں گاڑیاں ناکارہ ہو گئیں۔

ترجمان کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی قابض فوج کا قافلہ متعدد گاڑیوں پر مشتمل تھا، حملے کے بعد حسبِ روایت قابض فوج نے قریبی گھروں پر دھاوا بولتے ہوئے مقامی آبادی کو ہراساں کیا، تاہم کارروائی کے بعد بلوچ سرمچار بحفاظت اپنے محفوظ ٹھکانوں کی جانب منتقل ہوگئے۔

 میجر گہرام بلوچ کے مطابق ایک اور کارروائی میں 3 جنوری کی شام 6:00 بجے بی ایل ایف کے سرمچاروں نے تنظیم کے انٹیلیجنس ونگ کی اطلاع پر جیونی کے علاقے پانوان میں قابض پاکستان فوج کی ملٹری انٹیلیجنس کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو اہلکاروں کو ہدف بنا کر موقع پر ہی ہلاک کیا اور ان سے سرکاری اسلحہ اپنے قبضے میں لے کر ضبط کرلیا۔

 ترجمان نے مزید بتایا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ جھاؤ میں دشمن فوج کے 7 اہلکاروں کو ہلاک، 6 کو زخمی کرنے، اور جیونی میں ملٹری انٹیلیجنس کے دو اہلکاروں کو ہلاک اور ان سے اسلحہ ضبط کرنے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس عزم کو دہراتی ہے کہ بلوچستان کی آزادی تک قابض فورسز  پر حملے جاری رکھے گی۔