بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں ایک خاتون ٹیچر سمیت تین افراد جانبحق جبکہ مزید دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سبی کے علاقے الہ آباد میں واقع گرلز ہائی اسکول کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون اسکول پرنسپل جانبحق ہوگئیں۔
سبی پولیس کے مطابق خاتون ٹیچر معمول کے مطابق اپنے گھر سے اسکول پہنچی تھیں کہ اسکول کے مرکزی گیٹ کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جانبحق ہوگئیں۔
واقعے میں جانبحق ہونے والی خاتون الہ آباد گرلز ہائی اسکول کی پرنسپل تھیں، تاہم واقعے کے محرکات اور ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے غربی ہائی اسکول کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پولیس حوالدار علی گوہر مگسی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کی، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے حب کے صنعتی ایریا میں این پی کاٹن فیکٹری کے قریب لوٹ مار کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک صنعتی ورکر، 30 سالہ نذر علی ولد کھموں خاصخیلی، ساکن سجاول سندھ، جانبحق ہوگیا ہے۔
مزید برآں پنجگور کے علاقے حاجی غازی سوردو میں فائرنگ سے حسن ولد حیات نامی شخص زخمی ہو گیا، جسے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مجید آدم، سکنہ بلوچ آباد مند، زخمی ہوگیا ہے۔


















































