بلوچستان: اسسٹنٹ کمشنر کے آفس سے ضبط شدہ 270 کلوگرام منشیات چوری

0

بلوچستان کے ضلع دُکی میں اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے احاطے میں قائم مال خانے سے نامعلوم افراد 270 کلوگرام منشیات چوری کرکے فرار ہوگئے ہیں۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا جب ملزمان کھڑکی توڑ کر مال خانے میں داخل ہوئے اور وہاں موجود مختلف مقدمات میں برآمد کی گئیں منشیات چوری کرلیں۔

ایس ایچ او دکی فرمان علی کھوسہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چوری ہونے والی منشیات میں 233 کلو افیون اور 37 کلو چرس شامل ہے جو لیویز فورس نے متعدد مقدمات میں ضبط کی تھیں اور یہ کیسز عدالتوں میں زیرِسماعت ہیں۔

پولیس کے مطابق واردات انتہائی منصوبہ بندی کے ساتھ کی گئی اور ملزمان نے صرف اسی کمرے کی کھڑکی کو نشانہ بنایا جہاں منشیات رکھی گئی تھیں جبکہ دیگر کمروں یا سرکاری سامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے شبہ ہوتا ہے کہ ملزمان کو اندرونی معلومات حاصل تھیں اس لیے واقعے کی پولیس اور انتظامیہ مشترکہ طور پر تحقیقات کررہی ہے۔ واقعے کا مقدمہ بھی نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دکی کے علاقے کلی انار سے بارہ سے تیرہ تھیلے منشیات دوبارہ برآمد کرلی ہیں۔ ان کے مطابق ’تھیلوں کو کھولا جا چکا تھا تاہم برآمد شدہ منشیات کی حتمی مقدار کے تعین پر کام جاری ہے۔‘

بلوچستان میں حالیہ عرصے میں منشیات سے متعلق سرکاری اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت اور غفلت کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

گزشتہ برس پشین میں برآمد شدہ منشیات کی آپس میں مبینہ تقسیم کے الزام پر اسسٹنٹ کمشنرکو معطل جبکہ ایس ایچ او اور لیویز اہلکاروں کو برطرف کیا گیا تھا۔