اسپین: تین دنوں میں دوسرا ٹرین حادثہ، ڈرائیور ہلاک

0

شمال مشرقی اسپین میں بارسلونا کے قریب ایک مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی۔ یہ واقعہ تین روز قبل اندلس میں تیز رفتار ٹرین کے ہولناک حادثے کے بعد پیش آیا ہے، جس میں 42 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

منگل کی رات اسپین کے شہر بارسلونا کے قریب ایک مسافر ٹرین حادثے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

ٹرین گیلیڈا قصبے کے قریب پٹریوں پر گرنے والی ایک حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی۔ یہ جگہ بارسلونا سے تقریباً 35 کلومیٹر دور ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حادثے میں ٹرین ڈرائیور ہلاک ہو گیا۔ کاتالونیا کی ایمرجنسی سروسز نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ 37 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً 20 ایمبولینسیں جائے حادثہ پر بھیجی گئیں اور زخمیوں کو علاقے کے تین اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

کاتالونیا فائر سروس نے کہا، ”ٹرین کے اندر اب کوئی شخص موجود نہیں ہے، تاہم مزید متاثرین کی موجودگی کے امکان کو مسترد کرنے کے لیے ٹرین کے نیچے اور اردگرد کے علاقے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔‘‘

اسپین کے ریلوے آپریٹر اے ڈی آئی ایف کے مطابق غالب امکان ہے کہ شدید بارش کے باعث حفاظتی دیوار گری، جو اس ہفتے شمال مشرقی اسپین میں ہوئی تھی۔

اس نے کہا کہ اس لائن پر مسافر ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔

کاتالونیا میں دوسرا ٹرین حادثہ

اسپین کے اخبار ایل پائیس کے مطابق منگل کی شام ایک اور ٹرین حادثہ پیش آیا۔

کاتالونیا میں بلینیس اور ماکانیت اسٹیشنوں کے درمیان چلنے والی ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

اخبار کے مطابق یہ حادثہ طوفان کے نتیجے میں پٹری پر چٹانیں گرنے کے باعث پیش آیا۔

اس لائن پر بھی ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔

اتوار کے ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

ادھر جنوبی اسپین کے علاقے اندلس میں قصبہ آداموز کے قریب دو تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان اتوار کو ہونے والے حادثے کے بعد مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

اندلس کی علاقائی انتظامیہ نے منگل کو بتایا کہ تلاشی کے دوران ڈبوں سے مزید تین لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تصدیق شدہ تعداد اب 42 ہو گئی ہے۔

قرطبہ صوبائی حکام کے مطابق اب تک 10 ہلاک شدگان کی شناخت ہو چکی ہے، تاہم ان کی شناخت یا قومیت کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

وزیر داخلہ فرنانڈو گرانڈے-مارلاسکا نے سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی وی ای کو بتایا کہ 43 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

پولیس مزید متاثرین کی تلاش کے لیے تربیت یافتہ جاسوس کتوں کی مدد لے رہی ہے۔

اندلس کے علاقائی صدر خوانما مورینو کے مطابق دوسری ٹرین کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں اس کے ابتدائی دو ڈبے پٹری سے اتر کر تقریباً 13 فٹ نیچے جا گرے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض لاشیں حادثے کی جگہ سے سینکڑوں میٹر دور پائی گئیں۔