کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں، معمولاتِ زندگی متاثر

33

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

گذشتہ روز کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد شام سے یخ بستہ تیز سائبیرین ہواؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھاُ جو کہ تاحال جاری ہے۔

شدید سردی کی وجہ سے نہ صرف سڑکوں اور زمین پر پانی جم گیا ہے بلکہ گھروں کی ٹینکیوں اور نلکوں میں بھی پانی جم گیا ہے جس کے باعث لوگوں کو پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کوئٹہ، قلات، مستونگ، سوراب، زیارت، کان مہترزئی، توبہ کاکڑی، توبہ اچکزئی سمیت متعدد وسطی اور شمالی علاقوں کا شمار بلوچستان کے سرد علاقوں میں ہوتا ہے۔

صوبے کے جن علاقوں میں گھروں کو گرم رکھنے کے لیے گیس کی سہولت دستیاب ہے ان میں کوئٹہ، قلات، مستونگ، زیارت، پشین اور چند دیگر علاقے شامل ہیں تاہم گیس کے پریشر میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث بیشر علاقوں میں لوگ گیس ہیٹر استعمال نہیں کر پا رہے۔

دوسری جانب بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور ایندھن کے دیگر سستے ذرائع نہ ہونے کے باعث شدید سردی نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔

گذشتہ شب برفباری کی وجہ سے سیرو تفریح کے لیے زیارت جانے والے متعدد خاندان پھنس گئے تھے تاہم پی ڈی ایم اے کے حکام کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے ۔