پنجگور کے علاقے کاٹاگری میں فائرنگ کے ایک واقعے میں تین افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زاہد محمد حسین، جاسم ولد نواب جان اور سیف اللہ ولد حیات شامل ہیں، جبکہ قدوس ولد ملنگ زخمی ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایک سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ سے تھا، جسے علاقے میں عام طور پر ’’ڈیتھ اسکواڈ‘‘ کہا جاتا ہے۔
بلوچستان میں ’’ڈیتھ اسکواڈ‘‘ کی اصطلاح ایسے مسلح گروہوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جن پر الزام ہے کہ وہ ریاستی اداروں کی سرپرستی میں سیاسی کارکنوں اور ناقدین کے خلاف کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں ماضی میں ان گروہوں پر ماورائے عدالت ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں اور خوف و ہراس پھیلانے کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔

















































