افغانستان کی طالبان حکومت نے انڈیا کے لیے اپنا پہلا باقاعدہ ایلچی مقرر کر دیا ہے جو دہلی میں سفارت خانے میں خدمات انجام دیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 2021 میں اقتدار میں آنے کے بعد انڈیا میں ہونے والی یہ پہلی اہم سفارتی تعیناتی ہے۔
انڈیا نے سرکاری طور پر ابھی تک طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے تاہم اس اقدام سے دونوں کے تعلقات میں بہتری کا اشارہ ملتا ہے۔
افغان سفارت خانے کا کہنا ہے کہ مذکورہ نمائندے کا نام نور احمد نور ہے اور وہ وزارت خارجہ سے منسلک ہیں، وہ پہلے ہی کئی انڈین حکام کے ساتھ ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
سفارت خانے نے پیر کو ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’دونوں اطراف نے افغانستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات میں بہتری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔‘
انڈیا کی جانب سے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم افغان سفارت خانے نے نور احمد نور کی ایک ایسی تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں وہ انڈین وزارت خارجہ کے سینیئر عہدیدار آنند پرکاش کے ساتھ گرمجوشی سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔



















































