تربت: جبری لاپتہ نوجوان کے لواحقین کا احتجاج، سی پیک ایم 8 شاہراہ بند

16

کیچ کے علاقے تجابان، کرکی میں جبری لاپتہ نوجوان کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے سی پیک ایم 8 شاہراہ (تربت۔ کوئٹہ روڈ) بند کر دی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ رحمدل ولد محمد بخش سکنہ کرکی تجابان کو جبری لاپتہ کیا گیا ہے جس کی بازیابی کے لیے انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مظاہرین نے شاہراہ پر دھرنا دے کر ہر قسم کی ٹریفک معطل کر دی ہے جس کے باعث تربت کا زمینی رابطہ پنجگور اور کوئٹہ سے منقطع ہو گیا ہے۔ مسافر گاڑیاں اور مال بردار ٹرک سڑک کے دونوں جانب پھنس گئے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اسی علاقے سے متعدد نوجوان لاپتہ کیے جا چکے ہیں جن کی بازیابی کے لیے اہلِ علاقہ نے ماضی میں بھی سی پیک شاہراہ ایم 8 پر احتجاج اور دھرنے دیے تھے تاہم تاحال ان معاملات کا کوئی مستقل حل سامنے نہیں آیا۔

احتجاج کرنے والوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رحمدل ولد محمد بخش کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے بصورتِ دیگر دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ تاحال ضلعی انتظامیہ یا سیکیورٹی حکام کی جانب سے اس معاملے پر مظاہرین سے رابطہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔