بلوچستان میں فائرنگ اور لاشوں کی برآمدگی کے مختلف واقعات

58

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات تین افراد مارے گئے ہیں۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ تربت اور کیچ کے نواحی علاقوں سے دو نامعلوم لاشیں برآمد ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ فائرنگ پرندے فروخت کرنے والی ایک دکان کو نشانہ بنا کر کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

مقتول کی شناخت احمد جان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے فوراً بعد موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، تاہم تاحال قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

دوسرا واقعہ تربت کے علاقے پیری کہن میدانی میں پیش آیا جہاں سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر خون کے واضح نشانات موجود تھے جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ شخص کو قتل کر کے وہاں پھینکا گیا ہے۔

تربت یونیورسٹی کے قریب ملنے والے لاش کی شناخت لاپتہ نوید احمد ولد محمد ہاشم سکنہ بلیدہ گلی کے نام سے ہوئی ہے جسے 25 دسمبر 2025 کو گلی بلیدہ سے مسلح افراد نے اغواء کیا تھا۔

اسی دوران ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے رودبن سے بھی ایک اور لاش برآمد ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس لاش کی بھی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور واقعے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔