آئی ایس پی آر کا بلوچستان میں دو کارروائیوں میں 41 افراد کو مارنے کا دعویٰ

105

پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ 29 جنوری 2026 کو بلوچستان میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 41 افراد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا آپریشن ضلع ہرنائی کے مضافاتی علاقے میں کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 30 افراد مارے گئے۔ بیان کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، فوج کے مطابق اس آپریشن میں 11 افراد مارے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کی گئی۔

تاہم آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔