ہرنائی: کان حادثے میں کانکن جانبحق

28

بلوچستان کے علاقے ہرنائی، شاہرگ میں گیلانی کول کمپنی کے ایریا میں قائم ایک کوئلہ کان میں حادثہ پیش آیا، جہاں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جانبحق ہوگیا۔

حادثے میں جانبحق ہونے والے کانکن کی شناخت 55 سالہ مومن خان ولد خیراتی، قوم سواتی، سکنہ ضلع شانگلہ سوات کے طور پر ہوئی ہے۔

حادثے کے فوری بعد کانکن کی لاش کو کوئلہ کان سے نکال کر سول ہسپتال شاہرگ منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں کوئلہ کانوں میں پیش آنے والے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، جن کی بڑی وجہ حفاظتی اقدامات کا فقدان قرار دیا جاتا ہے۔

ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے مطالبہ کرتی آ رہی ہیں کہ کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کان کنی کے شعبے میں بین الاقوامی حفاظتی معیارات اپنانا ناگزیر ہے تاکہ مزدوروں کی قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔