کوئٹہ کے ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق پیر کے روز کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں جھلس کر چار افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس لیکج کے باعث پیش آنے والا یہ تیسرا دھماکہ ہے، اس سے قبل سرکی روڈ اور قمبرانی روڈ کے علاقوں میں گھروں میں ہونے والے گیس لیکج دھماکوں میں دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
سردیوں کے موسم میں گیس لوڈشیڈنگ، بے وقت گیس کی بندش اور بعد ازاں اچانک بحالی کے باعث اس نوعیت کے حادثات بارہا پیش آتے رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑی ہوئی ہیں



















































