کوئٹہ: پاکستانی فورسز پر بم دھماکہ، ہیلی کاپٹروں و بکتر بند گاڑیوں کی آمد

63
file photo

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے متصل ڈغاری کے علاقے میں پاکستانی فورسز کو ایک بم دھماکے میں نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آج صبح ڈغاری کراس کے قریب شیردل اسٹاپ کے مقام پر پاکستانی فورسز کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت نامعلوم افراد نے ایک بم دھماکے میں نشانہ بنایا جب وہ ریلوے ٹریک کی کلئرینس میں مصروف تھیں، دھماکے کے نتیجے میں پانچ اہلکاروں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حملے کے بعد علاقے میں ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت کیساتھ بکتر بند و دیگر گاڑیوں کو دیکھا گیا ہے جبکہ فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے میں ناکہ بندی کردی ہے۔

مقامی افراد کے مطابق فضاء میں ڈرون طیاروں کو بھی دیکھا گیا ہے تاہم حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

گذشتہ شب سبی اور ڈھاڈر کے درمیانی علاقے میں ریلوے ٹریک کو بارودی مواد نصب کر کے تباہ کیا گیا تھا۔ دریں اثناء نصیر آباد کے علاقے پیرو پل کے قریب پاکستانی فورسز کے چیک پوسٹ کو بھی مسلح افراد نے نشانہ بنایا ہے۔

سبی و نصیر آباد حملوں کی ذمہ داری بلوچ ریپبلکن گارڈز نے قبول کی ہے جبکہ کوئٹہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔