ڈیرہ بگٹی: پاکستانی فورسز کا مبینہ مقابلے میں 5 افراد کو مارنے کا دعویٰ

3

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 مسلح افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ آپریشن میں مارے گئے افراد سے اسلحہ، گولہ بارود برآمد ہواہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ دہشت گرد مقامی سطح پر متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں پاکستانی فورسز اور سی ٹی ڈی کی کاروائیاں اکثر مشکوک رہی ہیں جہاں ان پر الزام ہے کہ وہ پہلے سے زیر حراست افراد کو قتل کرکے اسے مقابلہ ظاہر کرتے ہیں۔

‎بلوچستان میں ماضی میں بھی اس قسم کی کارروائیوں پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

‎ان تنظیموں کے مطابق کئی بار فورسز کی جانب سے لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں مار کر انہیں مسلح افراد قرار دیا جاتا ہے، لاپتہ افراد کے خاندانوں کا کہنا ہے کہ ان کے پیارے مہینوں یا سالوں سے لاپتہ تھے، اور بعد میں ان کی لاشیں “جعلی مقابلے” کے بعد برآمد ہوئیں ہیں۔