نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز کو بم حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے کاٹگری میں پاکستانی فورسز کی ایک گاڑی کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں فورسز کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار پاکستانی فورسز کے متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، جبکہ واقعے کے بعد پاکستانی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر علاقے کو سیل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں، جو اکثر اوقات پاکستانی فورسز پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہیں۔
گزشتہ روز بھی بڑی تعداد میں مسلح افراد نے پنجگور کے مرکزی بازار پر دھاوا بول کر عارضی طور پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا، اس دوران پاکستانی فورسز کو بھی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ روز ہونے والے پنجگور حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی، تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔



















































