پاکستانی فورسز کو لے جانے والی جعفر ایکسپریس پر بلوچ آزادی پسندوں کے مسلسل حملے، ٹرین پر جدید سکیورٹی آلات نصب

79

جعفر ایکسپریس کی حفاظت کے لیے ایک خصوصی سکیورٹی بوگی کوئٹہ پہنچا دی گئی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق یہ بوگی جدید سکیورٹی آلات سے لیس ہے اور حفاظت پر مامور فورسز کے لیے خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے، ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی بوگی ٹرین کی حفاظت کے لیے مختص کی گئی ہے اور اس کا کوئٹہ میں دو ہفتوں تک ٹرائل کیا جائے گا تاکہ ٹرین کے سفر کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ مذکورہ ٹرین کوئٹہ سے پنجاب اور پشاور تک پاکستانی فورسز کے ریزرو اور سروس میں موجود فوجی اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہے، اور یہ بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی جانب سے مسلسل حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہے۔

رواں سال مارچ میں بلوچ لبریشن آرمی نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے ٹرین کو تین روز تک یرغمال بنائے رکھا تھا، جس دوران 200 سے زائد پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔

جعفر ایکسپریس پر رواں سال کے دوران متعدد دیگر حملے بھی ہو چکے ہیں ان حملوں میں سے اکثریت کی ذمہ داری بلوچ ریپبلکن گارڈز (بی آر جی) قبول کرچکی ہے۔

حملوں کے باعث ٹرین سروس مسلسل تعطل کا شکار رہی ہے، اب ٹرین پر جدید سکیورٹی آلات نصب کر کے اسے دوبارہ بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔