صدر ٹرمپ نے ’فیفا امن انعام‘ حاصل کر لیا

2

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال (فیفا) کے صدر جیانی انفانتینو نے جمعے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جمعے کو نیا اور متنازع امن انعام دیا ہے۔

’فیفا امن انعام: فٹ بال دنیا کو متحد کرتا ہے۔‘ کے عنوان سے یہ انعام ایک ایسے رہنما کے لیے تحفہ ہے جن کا امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔

واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں تقریب کے دوران فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی کے سربراہ اور ٹرمپ کے قریبی ساتھی جیانی انفانتینو نے 79 سالہ ٹرمپ کو یہ ایوارڈ دیا۔

ٹرمپ نے اس موقعے پر کہا کہ ’آپ کا بہت شکریہ۔ یہ واقعی میری زندگی کے عظیم اعزازات میں سے ایک ہے اور ایوارڈز کے علاوہ، جیانی اور میں اس پر بات کر رہے تھے، ہم نے لاکھوں جانیں بچائیں۔‘

اس موقعے پر جیانی انفانتینو نے کہا کہ ٹرمپ نے دنیا بھر میں امن اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے ’غیر معمولی‘ اقدامات کی بدولت یہ انعام حاصل کیا۔

فیفا نے نومبر میں سالانہ انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسے لوگوں کی خدمات کا اعتراف کرے گا جو ’آئندہ نسلوں کے لیے امیدیں‘ لاتے ہیں۔

فیفا انعام حاصل کرنے والی پہلی شخصیت شاید ہی کسی کے لیے حیرت کا باعث بنی ہو۔

55 سالہ جیانی انفانتینو نے ٹرمپ کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کیے اور انہوں نے جنوری میں صدر ٹرمپ کی انتخاب میں دوسری بار کامیابی کے بعد کسی بھی عالمی رہنما کے مقابلے می وائٹ ہاؤس کے زیادہ دورے کیے ہیں۔

امریکی صدر اکثر اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ وہ اس سال آٹھ تنازعات کو ختم کرنے میں اپنے کردار کے لیے نوبیل امن انعام کے مستحق ہیں، جن میں غزہ میں نازک فائر بندی بھی شامل ہے۔