بلوچستان کے علاقے دالبندین کی ظہور کالونی میں گزشتہ روز پاکستانی فوج نے ایک بہن اور اسکی بھائی کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق فورسز دونوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تاحال غائب کر چکی ہیں۔
ذرائع نے لاپتہ ہونے والوں کی شناخت زبیر ولد محمد رحیم اور رحیمہ بنت محمد رحیم کے ناموں سے کی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران متعدد گھروں کی تلاشی لی گئی، جبکہ اہلکاروں کی جانب سے لوگوں پر تشدد اور ہراسانی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ماہ جبین بلوچ اور ان کے بھائی یونس کو بھی پاکستانی فوج کی جانب سے حراست میں لیے جانے کے بعد جبری لاپتہ کردیا تھا۔ بعد ازاں یونس کو رہا کر دیا گیا تھا، تاہم ماجبین بلوچ کئی ماہ گزرنے کے باوجود تاحال لاپتہ ہیں۔
اسی طرح نسرینہ بلوچ بھی حب چوکی میں پاکستانی فورسز کی جانب سے حراست میں لینے کے بعد تاحال لاپتہ ہیں، جن کا اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
بلوچستان میں بلوچ خواتین کی پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے بڑھتے کیسز سے لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے ۔



















































