تھائی لینڈ اور کمبوڈیا جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں – ڈونلڈ ٹرمپ

16

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے وزرائے اعظم جنگ بند کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔

بدھ کے روز سوشل میڈِیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انھوں نے تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتین چرنویراکول اور کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیٹ کے ساتھ فون پر بات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے تمام جارحیت روکنے اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی مدد سے میرے اور تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان طے پائے گئے امن معاہدے پر لوٹنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر کے اواخر میں صدر ٹرمپ کی موجودگی میں تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتین چرنویراکول اور کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیٹ نے ایک مشترکہ ’امن معاہدے‘ پر دستخط کیے تھے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشدیگی ختم ہو گئی تھی۔

تاہم گزشتہ کئی روز سے دونوں ملکوں کے درمیان ایک بار پھر سے مسلح جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

بدھ کے روز جاری پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سڑک کنارے نصب بم جس کے نتیجے میں متعدد تھائی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے دراصل ایک حادثہ تھا تاہم تھائی لینڈ نے اس کے باوجود بہت سخت جوابی کارروائی کی۔

’دونوں ممالک امن اور امریکہ کے ساتھ تجارت جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔‘

خیال رہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے موقع پر صدر ٹرمپ نے کمبوڈیا کے ساتھ تجارتی معاہدہ اور تھائی لینڈ کے ساتھ نایاب معدنیات کا معاہدہ کیا تھا۔

اُس وقت ان کا کہنا تھا کہ جب تک کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان امن قائم رہے گا، امریکہ ان کے ساتھ بہت ساری لین دین کرے گا۔