تربت: مکران میڈیکل کالج کے طلبہ کا احتجاج چوتھے روز میں داخل

1

مکران میڈیکل کالج تُربَت کے طلبا و طالبات نے الزام عائد کیا ہے کہ تُربَت انتظامیہ ان کے پُرامن احتجاج کو دبانے کے لیے لاٹھی چارج، مقدمات کے اندراج اور گرفتاریوں کی دھمکیاں دے رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مکران میڈیکل کالج کے طلبہ گزشتہ چار روز سے کالج انتظامیہ کی جانب سے مبینہ ذہنی ہراسمنٹ اور سپلیمنٹری امتحانات میں جان بوجھ کر طلبہ کو فیل کیے جانے کے خلاف احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مطالبات کے حق میں پُرامن احتجاج کر رہے ہیں اور مسائل کا حل سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں۔

احتجاجی طلبہ و طالبات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تُربَت کی جانب سے مذاکرات کے نام پر انہیں دھمکایا جا رہا ہے اور لاٹھی چارج، مقدمات کے اندراج اور گرفتاریوں کی کھلی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ مسائل حل کرنے کے بجائے دباؤ اور ہراسانی کا راستہ اختیار کر رہی ہے۔

طلبہ نے مؤقف اختیار کیا کہ پُرامن احتجاج ان کا آئینی حق ہے اور اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف اس حق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ تعلیمی ماحول کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

احتجاجی طلبا و طالبات نے ضلعی اور صوبائی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، طلبہ کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں اور کسی بھی قسم کی سخت کارروائی سے گریز کرتے ہوئے مسئلے کا پُرامن حل نکالا جائے۔ طلبہ نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، جس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔