بلوچستان و پاکستان بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

1

بلوچستان اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے بدھ کے روز اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی حکومت اور پنجاب و سندھ کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد سامنے آیا، جن میں ٹرانسپورٹرز کے تقریباً تمام مطالبات مان لیے گئے۔

الائنس کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مذاکرات کے دوران ٹرانسپورٹ برادری کے مسائل تفصیل سے پیش کیے گئے اور حکومت نے ان مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے تسلیم کر لیا۔

ان کے مطابق پنجاب کے وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر مذاکرات کے لیے کراچی آئے تھے اور ڈرائیونگ لائسنسز سمیت دیگر امور پر بات ہوئی۔ ٹرانسپورٹروں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ حراست میں لیے گئے تمام ڈرائیوروں کو رہا کیا جائے۔

ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی ان سے رابطہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت ٹرانسپورٹ برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اور الائنس کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے گذشتہ ہفتے پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس، ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات، بھاری جرمانوں، ایکسل لوڈ کی حد اور دیگر مسائل کے خلاف بلوچستان سمیت پاکستان بھر میں ہڑتال شروع کی تھی۔