بلوچستان میں انسانوں کے تمام بنیادی حقوق معطل اور بلوچ بدترین ریاستی جبر کا سامنا کررہا ہے ۔ بی وائی سی سیمینار

128

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک سیمینار کا انعقاد کیاگیا ۔

سیمینار میں جبری گمشدہ افراد کے اہلِ خانہ، انسانی حقوق کے کارکنان، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔

پروگرام کے دوران شرکاء نے تفصیلی انسانی حقوق کی رپورٹس، فکر انگیز ڈرامائی پرفارمنسز، متاثرہ خاندانوں کی درد بھری گواہیاں اور بی وائی سی قیادت کی تقاریر سنیں۔ سیمینار کے ہر حصے نے بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کیا اور جوابدہی، اعتراف اور اجتماعی جدوجہد کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

بی وائی سی رہنماؤں نے کہاکہ آج کی یہ نشست محض ایک تقریب نہیں، بلکہ استقامت کی تجدید ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی جرات، نوجوانوں کی وابستگی اور کمیونٹی کی یکجہتی نے ایک بار پھر یہ یاد دہانی کرائی کہ سچ اور انصاف کی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری ہے ۔

رہنماؤں نے کہاکہ آج بلوچستان میں انسانوں کے تمام بنیادی حقوق معطل اور بلوچ بدترین ریاستی جبر کا سامنا کررہا ہے ۔ ہزاروں خاندان ازیت ناک زندگی گزار رہے رہیں اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔