بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 4 افراد جانبحق جبکہ مزید 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سبی کے علاقے کڑک روڈ پر فائرنگ کے ایک واقعے میں عبداللہ مری نامی شخص جانبحق ہو گیا، پولیس کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ہے۔
ادھر ضلع کیچ کی تحصیل تربت سے ہوشاپ جاتے ہوئے بلیدہ کراس کے مقام پر ٹریکٹر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ظریف ولد روشن، ساکن ہوشاپ، موقع پر ہی جانبحق ہو گیا۔
میت کو ضروری کارروائی کے لیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔
مزید برآں بولان کے علاقے مچھ میں این-65 قومی شاہراہ پر گیتانی پل کے قریب مسافر کوچ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو نوجوان، سمیع اللہ اور امتیاز، جانبحق ہوگئے۔
نوشکی ڈبل روڈ پر تیز رفتاری کے باعث دو موٹر سائیکلوں کے تصادم کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
دریں اثنا سبی کے کلمہ چوک پر ہوا والی ٹینکی پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔














































