گوادر: پاکستانی فورسز کی جانب سے تذلیل ناقابلِ قبول، شہریوں کا ردِعمل

38

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے شہریوں نے کہا ہے کہ پاکستانی فورسز کی جانب سے کوہِ باتیل جانے والے مقامی افراد کے ساتھ شدید تذلیل آمیز رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ تفریح کے لیے جانے والے گوادر کے عوام کی عزتِ نفس کو روزانہ کی بنیاد پر مجروح کیا جا رہا ہے۔

شہریوں نے پاکستان نیوی اور میری ٹائم سیکیورٹی کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو سختی سے ہدایت دی جائے کہ وہ مقامی لوگوں کے ساتھ نرمی اور اخلاق کے دائرے میں رہتے ہوئے پیش آئیں اور ان کی تذلیل سے گریز کریں۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو عوامی ردِعمل سامنے آئے گا۔

کوہِ باتیل میں تفریح کے لیے جانے والے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز کا رویہ دن بدن ناقابلِ برداشت ہوتا جا رہا ہے۔ خواتین اور بچوں کے سامنے معزز شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ ہم صدیوں سے یہاں آباد ہیں، مگر اب اپنی جدی پشتی زمینوں پر جانے کے لیے بھی ہمیں سیکیورٹی تھریٹ سمجھا جا رہا ہے۔ اگر یہاں کسی کو خطرہ ہے تو وہ گوادر چھوڑ دے، لیکن مقامی آبادی کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔