بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاکستانی فورسز کی جانب سے کیے گئے ایک آپریشن کے بعد ایک شخص کی گمشدگی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پنجگور کے علاقے گوارگو فتح علی میں پیش آیا، جہاں گذشتہ روز پاکستانی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اس دوران متعدد گھروں سے قیمتی سامان اور موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لی گئیں۔
علاقے کے مکینوں کے مطابق آپریشن کے دوران ایک شخص کو حراست میں لیا گیا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہے۔ لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت نعمت اللہ ولد بدل کے نام سے ہوئی ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ نعمت اللہ کو فورسز اپنے ساتھ لے گئیں، تاہم اس کے بعد سے نہ تو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئی ہیں اور نہ ہی کسی حراستی مرکز میں ان کی موجودگی کی تصدیق ہو سکی ہے۔
بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا معاملہ ایک عرصے سے زیرِ بحث ہے، اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بارہا ایسے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کا مطالبہ ہے کہ لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جائے یا ان کے بارے میں شفاف معلومات فراہم کی جائیں۔

















































