یونیورسٹی آف تربت کے کمپیوٹر سائنس کے لیکچرار بالاچ بالی کی مبینہ ماورائے عدالت گرفتاری اور جبری گمشدگی کے خلاف، آج بھی یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے کیمپس کے اندر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔ طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بالاچ بالی کی باحفاظت بازیابی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے مطالبات درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بالاچ بالی نہ صرف ایک ذمہ دار اور قابل استاد ہیں بلکہ اپنی تعلیمی خدمات کے باعث طلبہ میں نہایت مقبول بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک استاد کی اس طرح گرفتاری سے پورا تعلیمی ماحول بری طرح متاثر ہوا ہے اور طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
مظاہرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بالاچ بالی کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے اور اس واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے استاد کو بازیاب نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا















































