بلوچستان میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری

68

مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے شمالی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بارش کوئٹہ میں 29 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ چمن میں 27، پشین میں 18، تربت میں 14، پنجگور میں 8 اور خضدار میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اسی طرح لسبیلہ میں 6، پسنی میں 4 جبکہ لورالائی اور ژوب میں 3، قلات اور زیارت میں 2، جبکہ دالبندین اور بارکھان میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر زیارت، کان مہترزئی، چمن اور کوئٹہ کے گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری بھی ہوئی ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برف باری کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔