بلوچستان سمیت دنیا بھر میں مقیم بلوچ آج 13 نومبر کو بلوچ شہداء ڈے کے طور پر منا رہے ہیں، اس دن بلوچ قوم اپنے اُن تمام فرزندوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے قومی آزادی، شناخت اور حقوق کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
واضح رہے کہ بلوچ شہداء ڈے منانے کا باضابطہ آغاز بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آزاد) نے 2010 میں کیا، جب اس وقت کے چیئرمین بشیر زیب بلوچ کی قیادت میں تنظیم کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 13 نومبر کو تمام بلوچ شہداء کی یاد مشترکہ طور پر منائی جائے گی۔
اس موقع پر بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت بیرون ملک بھی تقریبات، ریلیاں اور اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں بلوچ کارکن اور عوام شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی بلوچ شہداء کے ناموں اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
بلوچ شہدا کمیٹی کے زیر اہتمام شہدا کی یاد میں منعقدہ سیمنار سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 13 نومبر بلوچ قوم کی قربانیوں اور تسلسلِ مزاحمت کی علامت بن چکا ہے، جو آنے والی نسلوں کو اپنی شناخت، حقوق اور آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کا پیغام دیتا ہے۔
مقررین نے کہاکہ بلوچ شہدا کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج بلوچ قومی تحریک اپنی منزل کی جانب گامزن ہے ، بلوچ نوجوان اور خواتین آج اپنے وطن ، بلوچ ملکیت کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ۔ ان شہدا کی مقدس خون بلوچ سرزمین پر قابض قوتوں کے یہ پیغام ہے کہ بلوچ وطن پر بلوچ کے مرضی منشا کے بغیر کوئی عنہ قبول نہیں ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک قابض کے طور پر بلوچستان پر مسلط ہے اور انکے بنائے گئے نام نہاد نمائندے آج بلوچستان میں اپنے فیصلے مسلط کرنے کے لئے فوجی طاقت کے سہارے سب کچھ اچھا ہونے کی رٹ لگا رہے ہیں لیکن دنیا یہ حقیقت جان چکی ہے کہ ریاست تمام طاقت کے استعمال کرنے کے باوجود اپنا رٹ قائم کرنے میں ناکام ہے ۔
مقررین نے کہاکہ بلوچ شہدا کی مقدس لہو کا قیمت ایک آزاد اور خوشحال بلوچستان ہے اور بلوچ قوم پر یہ فرض ہے کہ وہ شہدا کی مشن کی تکمیل کے لئے جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالیں ۔
علاوہ ازیں شہدا کی یاد میں بلوچی دیوان کا انعقاد کیا گیا ، جس میں بلوچی اور براہوئی زبان کے کلوگار استاد میر احمد بلوچ ، ساول کندیل، میرل بلوچ اور سرفراز واحد نے اپنے خوبصورت آوازوں میں بلوچی اور براہوئی شاعروں کے شاعری سے شہدا کو خراج عقیدت پیش کی۔



















































