کچھی: پاکستانی فورسز کی گاڑی پر حملہ، متعدد اہلکار ہلاک و زخمی

121

مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ حملے میں نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کی۔

کچھی پولیس کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے گوٹھ مہیسر کے قریب سڑک کنارے بچھائی گئی بارودی سرنگ سے سیکیورٹی فورسز کی قافلے میں شامل گاڑی ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔

دھماکہ کے بعد گھات لگائے مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو خود کار ہھتیاروں سے نشانہ بنایا، جس میں متعدد اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے اسلحہ و دیگر سامان بھی قبضہ میں لے لیے۔

کچھی پولیس نے انتظامیہ نے واقعے میں پاکستانی فورسز کے دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ دھماکے میں فورسز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کی ناکہ بندی کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں گزشتہ ہفتوں کے دوران پاکستانی فورسز اور پولیس پر حملوں میں شدت آئی ہے، چند روز قبل مسلح افراد بڑی تعداد میں کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں داخل ہوکر شہر کا کنٹرول حاصل کرچکے تھے۔

اس دوران مسلح افراد نے پولیس تھانے اور سرکاری دفاتر پر حملہ کر کے انہیں تباہ کردیا تھا، جبکہ جھڑپوں میں ایس ایچ او بھاگ ناڑی سمیت ایک پولیس کانسٹیبل ہلاک ہوگیا تھا۔

بھاگ ناڑی حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم یو بی اے نے قبول کی تھی۔

اسی طرح گزشتہ دو روز کے دوران کچھی کے مختلف علاقوں میں پولیس تھانوں پر بم حملے کیے گئے ہیں، تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔