بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاکستانی فورسز کے کیمپ کو مسلح افراد نے شدید نوعیت کے حملے میں نشانہ بنایا ہے، علاقہ متعدد دھماکوں سے گونج اٹھا
گذشتہ شب پنجگور کے علاقے گرمکان میں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے فورسز کیمپ پر بیک وقت مختلف اطراف سے حملہ کیا، دیر تک جاری رہنے والے اس حملے میں حملہ آوروں نے راکٹ اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق پچیس سے زائد دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا جبکہ اس دوران شدید فائرنگ بھی جاری رہی۔
حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے تاہم حملے میں فورسز کو جانی و مالی نقصانات اٹھانے کی اطلاعات ہیں۔
گذشتہ روز بلوچ لبریشن آرمی نے پنجگور ہی کے علاقے میں پاکستانی فورسز (ایف سی) کے اہلکار کی گرفتاری اور بعدازاں ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان میں کہا کہ پاکستانی فوج کے ایک اہلکار دودا خان ولد دین محمد سکنہ وشبود، پنجگور کو پاردان کے علاقے میں گرفتار و ہلاک کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ شخص بھیس بدل کر ٹریکنگ چِپ پہنچانے کے ٹاسک پر تھا کہ گرفتار کیا گیا۔
گرمکان میں ہونے گذشتہ شب کے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔


















































