نصیر آباد: جعفر ایکسپریس پر دھماکہ، بی آر جی نے ذمہ داری قبول کرلی

85

بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں جعفر ایکسپریس کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملے کی ذمہ داری بلوچ ریپبلکن گارڈز نے قبول کرلی۔

تال تھانہ کی حدود میں ربیع کینال کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹرین کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس ٹرین ٹریک سے گزر رہی تھی۔

دھماکے میں نقصانات کے حوالے سے حکام میں تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے تاہم دھماکے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کے دستے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا بم ڈسپوزل اسکواڈ نے شواہد اکٹھے کرکے مزید دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کے حوالے سے ٹریک کا معائنہ کیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس یا ٹائم ڈیوائس استعمال ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حملے کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈز (بی آر جی) نے قبول کرلی ہے۔

بی آر جی کے ترجمان دوستین بلوچ نے بیان میں کہا ہے کہ بلوچ ریپبلکن گارڈز کے سرمچاروں نے آج نصیر آباد میں ربی کے مقام پر آئی ای ڈی نصب کر کے جعفر ایکسپریس کو ریموٹ کنٹرول دھماکے میں نشانہ بنایا۔ دھماکے میں متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوگئے جبکہ ٹریک اور ٹرین کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بی آر جی اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس طرح کے حملے بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے۔